وفاقی کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے، اعلامیہ جاری

November 30, 2021

فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوئے وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے پر بریفنگ دی گئی۔

کابینہ نے اس موقع پر این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے دوران ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیو پر تشویش کااظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ نے کہا کہ ووٹوں کی خریداری جیسے غیرقانونی اقدامات جمہوریت کے منافی ہیں۔

کابینہ اجلاس میں کورونا وائرس کے پیکیج کی آڈٹ رپورٹ پر متعلقہ محکموں کو وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق مشیر خزانہ شوکت ترین نے کابینہ کو اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ67 فی صد کمی آئی۔

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھی اور چائے کےسوا تمام گھریلو استعمال کی اشیا کی قیمتیں پاکستان میں کم ہیں جبکہ آٹا، چینی، دال مونگ اور چنے کی دال کی قیمت سندھ میں کافی زیادہ ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہوائی اڈوں کے اطراف میں قائم بلند عمارتوں کی حد مقرر کرنے کی منظوری دی گئی، اسلام آباد بلیو ایریا میں عمارتوں کی بلندی 1 ہزار فٹ مقرر کی گئی۔

وفاقی کابینہ نے دوران اجلاس کہا کہ ملک میں نکلنےوالی گیس کو گھریلو صارفین کے لیے ہی مختص رکھا جائے گا، آئی پی پیز اور کھاد فیکٹریوں کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی، ایل این جی پر چلنے والے پاورپلانٹس کو 5 فیصد اضافی گیس دی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی ضرورت سے 2 لاکھ ٹن زائد کھاد موجود ہے جبکہ کھاد کی اوسطاً فی بوری کی قیمت میں 400 روپے کی کمی آئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں چیئرمین آئی ٹی این ای، چیئرمین پریس کونسل کی تعیناتیوں کےلیے سلیکشن بورڈ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں محمد سلیم کو چیئرمین نجکاری کمیشن تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ نے او آئی سی وزراء خارجہ کا خصوصی اجلاس پاکستان میں کرنے کی منظوری دی گئی۔