حکومتی پالیسیوں کیخلاف اساتذہ کا احتجاج،وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پر دھرنے کا اعلان

December 01, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب ٹیچرز یونین کے زیراہتمام حکومتی تعلیمی پالیسیوں کیخلاف نواں شہر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے یاداشت پیش کی اور مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں تعلیم بچاؤ تحریک کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ سیکر ٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا،مظاہرین نے آئی ایم ایف کا ایجنڈا نامنظور، ملاز مین کش پالیسیاں نامنظور، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کرو کے نعرے لگائے، مظاہرے کی قیادت پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر رانا اسلم ساغرنے کی ،اساتذہ رہنماؤں رانا الطاف حسین ، چوہدری مسعود احمد گجر،محمود الحسن، عامر گیلانی ، محمد جاوید ، محمد یونس، عبد الخالق انصاری اوردیگر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ میں تعلیم کے شعبے میں تباہی پھیلا دی ہے،اس صورت حال کے پیش نظرپنجاب ٹیچرز یونین نے ملک وقوم کے بہتر مستقبل کے سلسلے میں تعلیم بچاؤ تحریک کا اعلان کیاہے۔