• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ایئرلائن نجکاری کا عمل مکمل، ٹرانزیکشن سے متعلق دستخط ہوگئے

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

قومی ایئرلائن کی نجکاری کے سلسلے میں حکومت اور عارف حبیب کنسوریشم کے درمیان ٹرانزیکشن سے متعلق دستخط ہوگئے۔ 

اسلام آباد میں ہونے والی اس تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب تاریخی اہمیت کی حامل ہے، جس پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عارف حبیب کنسورشیم کا ملکی صنعتی ترقی میں اہم کردار ہے۔ یقین ہے کہ آرام دہ سفر، تحفظ اور وقار قومی ایئرلائن کی اہم ترجیح ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی ایئرلائن کا ہوابازی کے شعبے میں اہم مقام تھا، پُرامید ہیں کہ قومی ایئرلائن کی عظمت رفتہ رفتہ بحال ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں بخوبی انجام کو پہنچا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومتی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔

نجکاری کے عمل میں بھرپور شرکت پر کنسورشیم کا کردار لائق تحسین ہے جبکہ مشیر نجکاری نے پرائیویٹائزیشن کے عمل میں بہت اہم کردار ادا کیا، تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے انتہائی شفاف انداز میں نجکاری مکمل ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی سے قومی ایئرلائن ایک بار پھر اپنا نام پیدا کرے گی۔

اس موقع پر مشیر نجکاری محمد علی کا کہنا تھا کہ دستخط کی تقریب ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے، کنسوریشم 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 125 ارب روپے قومی ایئرلائن کی استعدادکار میں اضافے پر خرچ ہوں گے۔ 55 ارب روپے حکومتی خزانے میں جمع ہوں گے۔

تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے عارف حبیب کنسورشیم کے سربراہ عارف حبیب کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی کاز کےلیے خود کو پیش کیا، ملک میں کاروبار کےلیے ماحول سازگار ہے، میکرو اکنامک استحکام کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

قومی خبریں سے مزید