جیو نیوز کے اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کے تعلیمی نظام کے حوالے سے بنائے گئے گیت ’لیٹ ہوگئے‘ کے معترف ہوگئے، ساتھ ہی کیس نمبر 10 کیلئے مانگ لیا، جس پر شہزاد رائے رضامند بھی ہوگئے۔
شہزاد رائے کا گانا ’لیٹ ہوگئے‘ اس وقت خاصہ مقبول ہو رہا ہے، اس گیت میں اسکولوں میں بچوں کے داخلوں سے لے کر ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے انتخاب سے متعلق معاشرتی رویوں کی عکاسی کی گئی ہے۔
جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد اس گیت کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں وہیں جیو نیوز کے اینکر پرسن اور حال ہی میں جیو ٹیلی ویژن کی مقبول ہونے والی سیریز کیس نمبر 9 کے مصنف شاہزیب خانزادہ بھی معاشرتی مسائل کو اُجاگر کرنے کےلیے شہزاد رائے کی تخلیقی صلاحیت کے معترف نظر آئے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام اسٹوری پر شاہزیب خانزان نے شہزاد رائے کے گیت کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’یہی وجہ ہے کہ ہر کوئی شہزاد رائے کو پسند کرتا ہے۔ کیا گانا ہے، کیا پیغام ہے۔‘
اس پیغام کو شہزاد رائے نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا اور ساتھ میں یہ تحریر کردیا کہ ’یہ کیس نمبر 10 ہے، آپ لیٹ ہوگئے۔‘ جس کے جواب میں شاہزیب خانزادہ نے شہزاد رائے کے نئے پیغام کو شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’ہم اس گانے کو کیس نمبر 10 میں لے لیں گے۔‘
بات یہیں ختم نہیں ہوئی، بلکہ اسکرین شاٹ میں مزید اضافہ ہوا اور شہزاد رائے نے شاہزیب خانزادہ کے اسکرین شاٹ کو انسٹا اسٹوری کا حصہ بنایا اور گانے کی پیشکش کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’سر یہ گانا آپ کا ہوا‘، جس کے بعد شاہزیب خانزادہ نے اسی اسکرین شاٹ کو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے یہ پیشکش کی کہ ’اور کیس نمبر 10 آپ کا‘۔