صوبے میں تجارتی سرگرمیوں میں بے پنا ہ اضافہ ہو رہا ہے،عبدالکریم

December 03, 2021

پشاور(جنگ نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن کی پیروی کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے صوبے میں آزادانہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول مہیا کر نے کی بدولت صوبے میں تجارتی سرگرمیوں میں بے پنا ہ اضافہ ہو رہا ہے، ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت و فوکل پرسن برائے سرمایہ کاری عبدالکریم نے پشاور یونیورسٹی میں بزنس ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا، معاون خصوصی نے اپنے خطاب میں منتظمین کو کامیاب ایکسپو منعقد کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایکسپو نوجوان نسل میں بزنس کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر ے گا۔معاون خصوصی نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کے ایکسپو بہار کے موسم میں بھی منعقد کیئے جائے تاکہ صوبے کے صنعتکار صوبے کے خام مال کو بہترین انداز میں پیش کرسکے،صوبائی حکومت کی انتھک محنت کی بدولت ملک میں سی پیک کا پہلا صنعتی زون خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ ، رشکئی میں بن رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے ضم اضلاع میں اقتصادی ترقی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کر رہے ہیں جس کی واضح مثال مہمند اکنامک زون کی شکل میں بن رہا ہے،صوبے کے کئی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہے نوجوان آگے بڑھ کر ان وسائل سے فائدہ اٹھائے۔ عبدالکریم نے کہا کہ سب سے بڑھ کر خیبر پختونخوا کی جغرافیائی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے صنعت و تجارت کے فروغ میں ہمیں زیادہ سنجیدگی سے سوچنا ہوگا، نوجوان اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آنے والے وقتوں میں روزگار پیدا کرے کیونکہ آپ نے روزگار ڈھونڈتا نہیں بلکہ روزگار دینے کا سوچنا ہے۔آخر میں معاون خصوصی نے طلباء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور اُن پر زور دیا کہ اس طرح کے ایکسپو بار بار صوبے میں منعقد کئے جائیں تاکہ صوبے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔