نسل پرستی کیس، انگلش کاؤنٹی یارکشائر کا 16 رکنی کوچنگ اسٹاف برطرف

December 04, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر عظیم رفیق کے ساتھ نسل پرستی کے معاملے پر انگلش کاونٹی یارکشائر نے 16 رکنی کوچنگ اسٹاف کو برطرف کردیا ہے۔برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق عظیم رفیق کے ساتھ نسل پرستی پر مبنی برتاؤ کے الزام میں فارغ کیے جانے والوں میں کرکٹ ڈائریکٹر مارٹن موکسن اور ہیڈ کوچ اینڈریو گیل بھی شامل ہیں۔ یارکشائر نے طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے مارٹن موکس اور اینڈریو گیل سمیت پوری کوچنگ ٹیم کو عہدوں سے برطرف کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ہیڈ کوچ اینڈریو گیل کو گزشتہ ماہ اس معاملے پر جارحانہ ٹوئٹ کرنے پر معطل کیا ہے جبکہ مارٹن موکس ذہنی تناؤ پر مبنی بیماری کے باعث استعفیٰ پر دستخط کرکے رخصت ہوگئے۔یارکشائر نے بیان میں مارٹن موکسن ، اینڈریو گیل سمیت کلب سےمنسلک تمام کوچنگ اسٹاف کی کلب چھوڑنے کی تصدیق کی ہے۔ یارکشائر کے لیے نئے کرکٹ ڈائریکٹر سمیت کوچنگ ٹیم کو جلد ہی بھرتی کیا جائے گا۔کلب کےچیئرمین یارکشائر لارڈ پٹیل نے ایک بیان میں کہا کہ کلب میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے، اعتماد کی بحالی کےلیے پرعزم ہیں۔یہ اعلان مشکل تھا لیکن یہ کلب کے بہترین مفاد میں ہے۔