کراچی (رفیق مانگٹ) دنیا ایک بار پھر تیزی سے بدلنے جا رہی ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سال 2026 انسانی طرزِ زندگی، سیاست، ٹیکنالوجی، تفریح اور سماجی رویّوں میں نمایاں تبدیلیاں لے کر آئے گا۔سادہ موبائل فون اسٹیٹس سمبل بن جائیں گے۔ ہر چیز مارکیٹنگ کا حصہ بن جائے گی۔مصنوعی ذہانت کے غیر فطری مواد کے خلاف ردعمل بڑھے گا۔فلمی کردار بھی برانڈ بنیں گے، مارکیٹنگ ہر شے پر حاوی ہو جائیگی، وائٹ ہاؤس خبروں کی زینت رہے گا،وائٹ ہاؤس کی سیاست میں ڈرامہ برقرار رہے گا۔AIکے بناوٹی مواد سے بیزاری، قدرتی تخلیق کی واپسی،محبت اور اظہارِ احساس پھر فیشن بنے گا،فیشن کی دنیا میں نئی آئیکون، نیویارک میئر کی اہلیہ راما دواجی عالمی توجہ کا مرکز،انفلوئنسر کلچر کا زوال، جذباتی اظہار کا نیا دور ہو گا۔ پائپ اور پرانی تمباکو نوشی کی واپسی ہو گی۔ تفریحی شوز پر شرط لگانے کا رجحان ہو گا۔ نئی فیشن آئیکون کا ظہور ہو گا۔ مداحوں کے بنائے گئے فلمی جہان ہوں گے۔ انفلوئنسر کلچر کا زوال ہو گا۔اخبارکی تفصیلی رپورٹ کے مطابق 2026 میں جدید اسمارٹ فونز کے بجائے سادہ موبائل فون رکھنا ایک نیا فیشن بن سکتا ہے۔ لوگ مستقل نوٹیفکیشنز اور ڈیجیٹل دباؤ سے تنگ آ کر سادگی کی طرف مائل ہوں گے۔ تاہم ماہرین کے مطابق یہ سہولت ہر کسی کے لیے ممکن نہیں، کیونکہ کئی پیشوں میں اسمارٹ فون ناگزیر بن چکے ہیں۔ یوں سادہ موبائل رکھنا ایک نئی سماجی حیثیت کی علامت بن سکتا ہے۔فلمی دنیا میں اب صرف فلمیں نہیں بلکہ کردار بھی برانڈ بنیں گے۔ رپورٹس کے مطابق فلمی کردار سوشل میڈیا پر خود کو بطور انفلوئنسر پیش کریں گے، ان کی اپنی تشہیری مہمات، مصنوعات اور اسٹورز ہوں گے۔ یوں تفریح اور مارکیٹنگ کے درمیان فرق تقریباً ختم ہو جائے گا۔ 2026 میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے خلاف ردعمل بڑھے گا۔ لوگ ایسے مواد سے اکتا جائیں گے جو حد سے زیادہ چمکدار اور غیر فطری ہو۔ اس کے برعکس قدرتی، خام اور انسانی احساسات سے بھرپور تخلیقات کو ترجیح دی جائے گی۔ امریکی سیاست میں ذاتی تعلقات، اسکینڈلز اور افواہیں خبروں کا اہم حصہ بنی رہیں گی۔ صدر ٹرمپ کے دور میں سیاسی زندگی ایک ڈرامائی رنگ اختیار کر چکی ہے، جہاں ذاتی رشتے بھی قومی خبروں میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔2026 میں جذبات چھپانا یا سرد مہری کو فیشن سمجھنا ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ لوگ محبت، وابستگی اور احساسات کے اظہار میں زیادہ کھلے ہوں گے۔ ویپ اور ای سگریٹ کے بعد اب لوگ پرانے انداز کی تمباکو نوشی، جیسے پائپ، کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ اسے ایک کلاسیکی اور نفیس انداز سمجھا جا رہا ہے جو جدید مشینی زندگی سے بیزاری کی علامت ہے۔رپورٹ کے مطابق 2026 میں ریئلٹی شوز اور تفریحی پروگراموں پر شرط لگانا عام ہو جائے گا۔ پروگراموں کو ایک باقاعدہ مالی کھیل کی شکل دی جا سکتی ہے۔نیویارک کے نو منتخب میئر کی اہلیہ راما دواجی فیشن کی دنیا میں ایک نئی پہچان بن کر ابھری ہیں۔ اندازہ ہے کہ 2026 میں وہ عالمی فیشن میگزینز کا حصہ بنیں گی اور ایک نئی فیشن علامت کے طور پر سامنے آئیں گی۔فلمی صنعت میں شائقین خود کہانیاں تخلیق کریں گے جو باقاعدہ فلمی سیریز کی شکل اختیار کر سکتی ہیں۔ خاص طور پر اینیمی اور آن لائن پلیٹ فارمز پر یہ رجحان تیزی سے بڑھے گا۔رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا انفلوئنسرز کا دور اب اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کئی مشہور تخلیق کار اس طرزِ زندگی کو چھوڑ کر عام یا کاروباری زندگی اختیار کر رہے ہیں، جسے ایکس فلوئنسرکا نام دیا جا رہا ہے۔