پراپرٹی ویلیو ایشن اضافے سے کاروبار مزید تباہ ہوگا‘مجیب الرحمٰن

December 06, 2021

پشاور (جنگ نیوز) تاجراتحادخیبرپختونخوا صدر مجیب الرحمن نےایک بیان میں کہا کہ ایف بی آر کاروباری ہر شعبے کو تباہی کے دہانے پر لا کر ملک کی معیشت کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ پراپرٹی ویلیو ایشن اضافے سے کاروبار مزید تباہ ہوگا۔ ایف بی آر کی پالیسی کنسٹرکشن پیکیج اور اس سیکٹر کو تباہ کر نے کے مترادف ہے۔ ایف بی آر یکطرفہ پراپرٹی ویلیوایشن ٹیبل فی الفور واپس لے۔ تعمیراتی انڈسٹری کی مکمل تباہی سے پہلےازالہ کرتے ہوئے ایس آر او واپس لیا جائے۔ تاجروں کو سیلز ٹیکس میں جبری رجسٹریشن کے نوٹسز کو بند کیا جائے۔ تاجر برادری پہلے ہی متفقہ طور پر پوائنٹ آف سیل ڈیوائس، سیلز ٹیکس میں جبری رجسٹریشن، صدارتی آرڈیننس کو مسترد کر چکی ہے۔ حکومت کو چاہئے ان تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈر تاجر رہنمائوں سے مذاکرات کرتے ہوئے معاملات کو حل کرے۔ اگر حکومت نے سنجیدگی سے معاملات کو حل نہ کیا تو ملک بھر کی تمام تاجر برادری ہر شہر میں احتجاج کرنے اور شاہراہوں پر دھرنے دینے پر مجبور ہو جائے گی اور حالات کی کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری ایف بی آر چیئرمین اور موجودہ حکومت کی ہوگی۔