پریانتھا کو بچانے والے دوسرے شخص کا پولیس سے رابطہ

December 06, 2021


پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پریانتھا کمارا قتل کیس کی تحقیقات میں پیش رفت ہوگئی ہے، پریانتھا کو بچانے کی کوشش کرنے والے دوسرے شخص کی شناخت ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان کے رہائشی عدنان سولنگی نے پولیس سے رابطہ کیا ہے، عدنان سولنگی سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

جمعے کو سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو میں عدنان سولنگی ہجوم کے سامنے ہاتھ جوڑتا نظرآیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سیالکوٹ میں پیش آنے والے سری لنکن شہری کے قتل کے افسوسناک واقعے میں ملوث مزید 7 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس کے مطابق سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکا کے مقتول شہری پریانتھا کمارا پر تشدد کے لیے چھت پر لوگوں کو اکٹھا کرنے والے ملزم سکندر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق پریانتھا کمارا پر تشدد کرنے والے ہجوم میں شامل ملزم راشد، ہجوم میں ڈنڈے سے لیس ملزم احمد شہزاد، تشدد کے لیے اکسانے کی پلاننگ میں ملوث ملزم زوہیب، ملزم محمد ارشاد، سبحان اور عمیر علی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سیالکوٹ کیس میں گرفتار ملزموں کی تعداد 132ہوگئی ہے، اب تک کی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان میں 26 کا مرکزی کردار سامنے آیا، ملزمان کو پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ساتوں ملزمان کوسی سی ٹی وی ویڈیو، موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سےگرفتار کیا گیا ہے۔