پیپلزپارٹی پنجاب میں اپنی بحالی کیلئے حد سے زیادہ پرامید

December 08, 2021

اسلام آباد (تجزیہ / طارق بٹ) حلقہ این اے۔133 کے نتائج کے حوالے سے پیپلزپارٹی پنجاب میں اپنی بحالی کیلئے حد سے زیادہ پرامید ہے۔ لیکن اہم بات یہ ہے کہ ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی، ٹی ایل پی اور جماعت اسلامی نے حصہ نہیں لیا تھا، جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

تفصیلات کے مطابق، پیپلزپارٹی نے گزشتہ چند برسوں کے مقابلے میں لاہور کے حلقہ این اے۔133 کے ضمنی انتخابات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جس کی وجہ سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت خوش ہے اور آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب کے دارالخلافہ میں نیا جنم لیا ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ کارکردگی پنجاب میں پیپلزپارٹی کی بحالی کا پیش خیمہ ہوگی، جہاں یہ 70 کی دہائی کی مقبول ترین جماعت تھی ، جب کہ نوے کی دہائی میں بھی اس کی کارکردگی اچھی رہی تھی؟ ایسا صرف اسی صورت ہوگا جب کوئی لہر ان کے سخت حریفوں کو ہٹاکر پیپلزپارٹی کو آرام دہ الیکٹورل زون میں ڈال دے۔