علی رضا سید کی انسانی حقوق کے علمبردار محمد احسن انتو کی گرفتاری کی مذمت

January 15, 2022

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے علمبردار محمد احسن انتو کی گرفتاری کی مذمت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں و کشمیر کے چیئرمین محد احسن انتو کو گزشتہ روز سری نگر میں پولیس نےحراست میں لیا تھا۔

اس حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ محمد احسن انتو ایک ممتاز کشمیری مدبر اور دانشورہیں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے فعال علمبردار تصور کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد احسن انتو کا جرم یہ ہے کہ وہ بھارتی مظالم کی نشاندہی کرتے ہیں اور بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہبھارت ظلم و تشدد جیسے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک کو دبا نہیں سکتا۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کا مزید کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوامپر بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی تشدد کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ احسن انتو کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جو وقتاً فوقتاً عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔

وہ برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہروں سے فون پر بھی خطاب کرچکے ہیں۔

علی رضا سید نے احسن انتو، خرم پرویز اور دیگر کشمیری شخصیات کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔