اللّٰہ کے فضل سے میں خوش و خرم زندگی گزار رہی ہوں، بینش راجا

January 16, 2022

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف اداکارہ بینش راجاکی طلاق کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے کیونکہ ان کی ایک پوسٹ سے غلط اندازے لگائے گئے۔انہوں نے لکھا کہ بیشک عورت کو خمیدہ پسلی سے پیدا کیا گیا ہے اور یہی اس کی خوبصورتی کا راز اور اس کی طرف کشش کا راز ہے۔ اور اس بات میں کوئی عیب نہیں ہے، لہٰذا اگر وہ غلطی کرے تو اسے اس انداز میں نہ جھڑکیں جس میں نرمی نہ ہو، اسے سیدھا کرنے کی کوشش کریں۔اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ دوسری صورت میں آپ اسے توڑ دیں گے اور اس کا ٹوٹنا، اس کی طلاق کا سبب بنے گا۔اس بارے میں جب بینش راجاسے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔دراصل لوگوں نے پوسٹ غور سے نہیں پڑھی،میں نے طلاق کے بارے میں ایک پوسٹ شیئر کی جس کا مقصد معلومات ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں تک سوشل میڈیا پر شوہر کے ساتھ تصاویر پوسٹ نہ کرنے کی بات ہے تو یہ ہمارا ذاتی فیصلہ ہے کیونکہ مجھے یہ اچھا نہیں لگتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اللّٰہ کے فضل سے میں خوش و خرم زندگی گزار رہی ہوں۔