عدالت کا سلمان خان کے حق میں عبوری فیصلہ دینے سے گریز

January 16, 2022

ممبئی(پی پی آ ئی) بالی وڈ کے معروف اداکارسلمان خان نے اپنے ایک پڑوسی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے ۔سلمان خان نے اپنے ایک پڑوسی کیتن ککڑ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا جو سلمان خان کے پنویل کے فارم ہاؤس کے قریب زمین کے مالک ہیں۔اداکار نے اپنے پڑوسی پر الزام لگایا ہے کہ وہ انہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جج انیل ایچ لداد نے کیتن ککڑ کو سلمان خان کی درخواست پر اپنا جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔سلمان خان کے مطابق کیتن ککڑ نے یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکار کو بدنام کیا ہے۔اب اس معاملے میں ممبئی سٹی سول کورٹ کا جمعہ کو فیصلہ سامنے آیا ہے۔ جس میں عدالت نے سلمان خان کے حق میں کوئی عبوری فیصلہ جاری کرنے سے انکار کردیا۔ عدالت میں اس معاملے کی آئندہ سماعت 21 جنوری کو ہوگی۔ جبکہ سلمان خان کے وکیل نے کہا کہ اس معاملے میں عبوری فیصلہ دیا جائے اور فریق (ککڑ) نے جو اان لائن کنٹینٹ ڈالا ہے اُسے ہٹانے کے لئے کہا جائے۔ خیال رہے کہامریکہ سے آئے بزرگ جوڑے کیتن ککڑ اور اُن کی بیوی انیتا ککڑ نے اپنی جمع پونجی سے پنویل میں بنگلہ بنانے کا کام شروع کیا تھا۔ انہوں نے 1996 میں زمین ساڑھے 27 لاکھ روپے میں خریدی تھی۔ یہ زمین سلمان خان کے فارم ہاوس سے ملحق ہے۔ خریداری کے وقت سلیم خان سے اس کے لئے اجازت بھی لی گئی تھی۔ جب انہوں نے یہ بنگلہ بنانے کی بات کہی تو خان فیملی کی جانب سے اُنہیں پریشان کیا جانے لگا۔ککڑ جوڑے نے الزام لگایا تھا کہ سلمان کے فارم ہاؤس کے پاس گیٹ لگادیا ہے جس سے وہ فارم ہاوس پر نہیں جاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں آس پاس کے بنگلے میں بجلی دی جارہی ہے۔ سلمان خان کے گھوڑوں کے لئے فلڈ لائٹ لگائی گئی ہے لیکن ککڑ فیلی کو بجلی مہیا نہیں کی جارہی ہے۔ زمین کے مالکانہ حق ہوتے ہوئے بھی اُنہیں اپنا نیا گھر بنانے اور بجلی جیسی بنیادی چیزیں نہیں مل رہی ہیں۔