عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آرٹسٹ عبدالرحمٰن چغتائی کی 47 ویں برسی منائی گئی

January 18, 2022

لاہور(پی پی آئی)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آرٹسٹ عبدالرحمٰن چغتائی کی47 ویں برسی گزشتہ روز منائی گئی اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ان کا انتقال 17 جنوری 1975 میں لاہور میں ہوا تھا۔ عبدالرحمٰن چغتائی21 ستمبر1897کو لاہور کے کوچہ چابک سواراں میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق عہدِ شاہ جہانی کے مشہور معمار خاندان سے تھا، جنہوں نے تاج محل آگرہ، جامع مسجد دہلی، اور لال قلعہ دہلی کے نقشے تیار کئے تھے۔عبدالرحمٰن چغتائی کے دادا رنجیت سنگھ کے میرِ تعمیرات رہے۔قیامِ پاکستان کے بعد چغتائی نے پاکستان کا پہلا ڈاک ٹکٹ ڈیزائن کیا۔ ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے مونوگرام بھی انہوں نے تیار کئے۔پاکستان میں مصوری کی پہلی نمائش بھی عبدالرحمٰن چغتائی کی تھی۔تفصیلات کے مطابق عبدالرحمٰن نے مصوری کو پہلے مشغلے کے طور پر اختیار کیا اور پھر میوا سکول آف آرٹس لاہور میں باقاعدہ داخلہ لے لیا۔ 1914میں وہاں سے ڈرائینگ کا امتحان امتیازی حیثیت سے پاس کیا۔ اس دوران انہوں نے استاد میراں بخش سے خاصا استفادہ کیا۔ پھر میو اسکول ہی میں مصوری کے استاد رکھ لئے گئے۔ 1919 میں لاہور میں ہندوستانی مصوری کی ایک نمائش نے ان کی طبیعت پر مہمیز کا کام کیا۔ انہوں نے اپنے پرنسپل کے مشورے پر اپنی تصاویر کلکتہ کے رسالے ’ماڈرن ریویو‘ میں اشاعت کیلئے بھیجیں۔ یہ تصاویر شائع ہوئیں تو ہر طرف چغتائی کے فن کی دھوم مچ گئی۔ اس زمانے میں انہوں نے مصوری میں اپنے جداگانہ اسلوب کی بنیاد ڈالی جو بعد ازاں چغتائی آرٹ کے نام سے مشہور ہوا۔