راجستھان میں پاکستانی سرحد کے ساتھ نگرانی میں غیرمعمولی اضافہ کرینگے، بھارتی فورس

January 19, 2022

لاہور (خالد محمود خالد) بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس 23 سے 28؍ جنوری تک اپنے ’آپریشن سرد ہوا‘ کے تحت راجستھان میں پاکستانی سرحد کے ساتھ نگرانی میں غیرمعمولی طور پر اضافہ کرے گی۔بی ایس ایف کے نارتھ زون کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ارون کمار سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ موسم سرما کے دوران سرحد پر دھند اور کہر کی وجہ سے فورس سرحد پار سے دراندازی اور دیگر سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے ’ہائی الرٹ‘ پر رہتی ہے۔ سنگھ نے کہا کہ بی ایس ایف ہیڈکوارٹر کے تمام اہلکار اور افسران اس آپریشن کے دوران سرحد پر رہیں گے اور 24 گھنٹے صورتحال پر نظر رکھیں گے۔ واضح رہے کہ بی ایس ایف ہر سال گرمیوں میں ’آپریشن گرم ہوا‘ اور سردیوں میں ’آپریشن سرد ہوا‘ کے تحت سرحد پر سیکورٹی بڑھا دیتا ہے۔