جاپان میں کورونا کے 41 ہزار 485 نئے کیسز، نیم ہنگامی حالت نافذ کرنے کا فیصلہ

January 19, 2022

جاپان بھر میں حکام نے بدھ کو کورونا وائرس کے 41 ہزار 485 نئے متاثرین کی تصدیق کی ہے۔

ملک میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد حکومت جاپان نے ٹوکیو سمیت مزید 13 پریفیکچرز میں نیم ہنگامی حالت نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کے بعد 16 پریفیکچر نیم ہنگامی حالت کے تحت آ جائیں گے۔

پہلی بار متاثرین کی ملکی یومیہ تعداد 40 ہزار سے متجاوز ہوئی ہے۔ یہ مسلسل دوسرے روز نیا بلند ترین یومیہ ریکارڈ ہے۔

ٹوکیو میں حکام نے بدھ کے روز کورونا وائرس کے 7 ہزار 377 نئے متاثرین کی تصدیق کی ہے۔ یہ جاپانی دارالحکومت میں اب تک کی نئی بلند ترین یومیہ تعداد ہے۔

پچھلے سال 13 اگست کی گزشتہ ریکارڈ بلند تعداد 5 ہزار 908 سے یہ تقریباً پندرہ سو زیادہ ہے۔ حالیہ عرصے میں ٹوکیو میں نئے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور منگل کو رواں سال پہلی بار یومیہ تعداد پانچ ہزار سے متجاوز ہوئی۔

ٹوکیو حکام کے مطابق شدید علیل افراد کی تعداد دس ہے جو منگل کے مقابلے میں تین زیادہ ہے۔

دیگر پریفیکچرز میں اوساکا میں 6 ہزار 101، آئیچی میں 2 ہزار 881، ہیوگو میں 2 ہزار 514، کاناگاوا میں 2 ہزار 288، سائیتاما میں 2 ہزار 215، فوکواوکا میں 2 ہزار 208، چیبا میں 1605، اوکیناوا میں ایک ہزار 433، کیوتو میں 1200 ، ہوکائیدو میں 1170 اور ہیروشیما میں ایک ہزار 42 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔