رواں ہفتے 24 اشیا مہنگی، 7 سستی ہوئیں، مہنگائی کی شرح 19فیصد سے زائد

January 21, 2022

ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، لہسن، دودھ، دہی، گوشت، آٹا، چاول اور ایل پی جی سمیت 24 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اس دوران چکن، انڈے، چینی سمیت 7 اشیاء میں کمی ہوئی جبکہ 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی میں صفر اعشاریہ06 فی صد کمی آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح معمولی کمی کے بعد 19.36 فی رہی۔

ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر اوسط 15 روپے 69 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، لہسن 10 روپے 95 پیسے، مٹن 17 روپے فی کلو اور بیف 9 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

ملک میں سب سے کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی 20اعشاریہ 85 فیصد ہوگئی ہے۔

ایک ہفتے کے دوران آٹے کا 20 کلو تھیلا 3 روپے 12 پیسے مہنگا ہوا، دال چنا 2اعشاریہ44 روپے، ماش 1 اعشاریہ 26 روپے روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔

پانچ لیٹر کوکنگ آئل کی قیمت 2 ہزار 61 روپے سے زائد پہنچ گئی۔

ایک ہفتے کے دوران تازہ دودھ، چاول، دہی، کیلا اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر بھی مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 7 اشیاء سستی اور 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

زندہ مرغی 15 روپے 71 پیسے فی کلو سستی ہوئی، انڈے 2 روپے 98 پیسے فی درجن کم ہوئے، پیاز ایک روپے 88 پیسے فی کلو سستا ہوا جبکہ ایک ہفتے میں چینی، دال مونگ اور آلو کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔