کورونا کی وجہ سے اسپتال کے بستر پر مرنا نہیں چاہتا، انوپم کھیر

January 22, 2022

ممبئی ( آن لائن ) بولی وڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے کہا ہے کہ میں کورونا کی وجہ سے اسپتال کے بستر پر دم توڑنا نہیں چاہتا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار انوپم کھیر نے کورونا ویکسین کے حوالے سے ایک آگاہی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کورونا پروٹوکولز اور ویکسین کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا ہے کہ دو بار ویکسین لگوانے کے باوجود ماسک پہننا کیوں ضروری ہے۔انوپم کھیر نے کہا میں نے کورونا ویکسین اپنے لیے لگوائی ہے اور میں ماسک آپ لوگوں کے لیے پہنتا ہوں۔ مجھے نہیں معلوم کہ ویکسین میں کیا ہے اور جب مجھے بچپن میں کبھی کوئی ویکسین لگی تو مجھے اس وقت بھی معلوم نہیں تھا کہ اس میں کیا ہے۔ ہم نے سائنس پر بھروسہ کیا۔ ایسی بہت سی چیزیں ہیں جن کے بارے میں میں نہیں جانتا لیکن پھر بھی استعمال کرتا ہوں۔انوپم کھیر نے کہا میں نے مکمل طور پر ویکسین لگوالی ہے امید ہے جلد ہی بوسٹر شوٹ بھی لگوالوں گا۔ انوپم کھیر نے کہا کہ میں نے ویکسین حکومت کو خوش کرنے کے لیے نہیں لگوائی اور نہ ہی اس لئے لگوائی کہ دوسرے بھی لگوائیں۔ بلکہ میں کووڈ 19 کی وجہ سے اسپتال کے بستر پر مرنا نہیں چاہتا۔