گوگل نے آج ڈوڈل پروین رحمان کے نام کردیا

January 22, 2022

گوگل ڈوڈل

دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے آج اپنا ڈوڈل پاکستان کی سماجی کارکن پروین رحمان کے نام کردیا۔

پروین رحمان کی آج 65 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈوڈل اُن کے نام کیا۔

خیال رہے کہ 13 مارچ 2013 کو سماجی کارکن پروین رحمان کو اپنے دفتر جاتے ہوئے ایک موٹر سائیکل سوار دو افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیاتھا۔

پروین رحمان کے قتل کا یہ واقعہ کراچی کے منگھو پیر روڈ پر پیش آیا تھا۔

کراچی کی ایک انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سماجی کارکن پروین رحمان کے قتل کے مقدمے میں چار ملزمان کو دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی۔

ان چار ملزمان رحیم سواتی، احمد خان، امجد اور ایاز سواتی پر دو، دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، پانچویں مجرم عمران سواتی کو قتل میں دیگر مجرموں کی معاونت کرنے پر سات سال قید اور دولاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

پروین رحمان کون تھیں؟

پروین رحمان 22 جنوری 1957 کو ڈھاکہ میں پیدا ہوئیں، جو اس وقت مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) میں واقع تھا۔ سقوط ڈھاکہ کے وقت وہ وہاں سے ہجرت کر کے پاکستان پہنچیں۔

انہوں نے داؤد کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں 1982 میں آرکیٹیکچر کی ڈگری حاصل کی ، اور نیدرلینڈ کے روٹرڈم میں واقع ہاؤسنگ اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ سے 1986 میں رہائش ، عمارت اور شہری منصوبہ بندی میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما حاصل کی۔

انہوں نے 1983 میں اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کے جوائنٹ ڈائریکٹر بننے کے لئے اختر حمید خان کی بھرتی ہونے سے قبل ایک نجی آرکیٹیکچر فرم میں ملازمت کی تھی ، جہاں انہوں نے رہائش اور صفائی ستھرائی کے پروگراموں کا انتظام کیا تھا۔

وہ کراچی یونیورسٹی ، این ای ڈی یونیورسٹی ، انڈس ویلی اسکول آف آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر اور داؤد کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں پڑھاتی تھیں۔

گوگل ڈوڈل سے متعلق کچھ باتیں:

گوگل اپنا لوگو جسے ’ڈوڈل‘ کہا جاتا ہے، ہر اہم موقع کی مناسبت سے بدلتا ہے، سرچ انجن گوگل کی اہم دنوں کے حوالے سے ڈوڈل کو تبدیل کرنے کی ایک روایت کے تحت آج گوگل نے پروین رحمان کی سالگرہ کے موقع پر اپنا ڈو ڈل انہی کے رنگ میں رنگ دیا۔

گوگل کے اس خصوصی ڈوڈل میں پروین رحمان کو سوچ بیچار کرتے کھڑکی سے باہر دیکھتے دکھایا گیا ہے جس کے پس منظر میں ’گوگل‘ لکھا دکھائی دے رہا ہے۔