کورونا کیسز اضافے کے باوجود کاروباری سرگرمیاں بند نہیں ہوں گی، وفاقی کابینہ

January 24, 2022

وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باوجود کاروباری سرگرمیاں کسی صورت بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود وفاقی کابینہ کے کاروباری سرگرمیاں بند نہ کرنے کے فیصلے سے متعلقہ دستاویز جیو نیوز نے حاصل کرلیں۔

دستاویز کے مطابق وفاقی کابینہ کو وفاقی وزیر منصوبہ اسد عمر نے کورونا وائرس کی حالیہ لہر پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد 300 سے 5 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اِن ڈور شادیوں اور فلائٹس میں کھانے پر پابندی عائد کی ہے۔

دستاویز میں کہا گیا کہ این سی او سی نے کمرشل سرگرمیاں بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ بندش سے غریب، دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوتا ہے۔

دستاویز کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ضوابط (ایس او پیز) پر عمل درآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دستاویز میں کہا گیا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے این سی او سی کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے ہدایات دی گئی ہیں۔