کراچی: عدالتی تحویل میں نایاب نسل کے 105 باز یکے بعد دیگرے مرگئے

January 25, 2022


کراچی میں عدالتی تحویل میں رکھے گئے نایاب نسل کے 105 باز ایک کے بعد ایک مرگئے۔

محکمہ کسٹمز نے 2020ء میں ایک کارروائی میں 60 کروڑ روپے مالیت کے 110 باز برآمد کیے تھے، جن میں سے نایاب نسل کے 105 باز یکے بعد دیگرے مر گئے۔

ڈیفنس کراچی کے 2 بنگلوں سے پکڑے گئے باز خلیجی ریاست سے اسمگل کیے گئے تھے، 110 میں سے صرف 5 نایاب باز ہی زندہ بچے ہیں اور اُن کی حالت بھی خراب ہے۔

محکمہ کسٹمز کی کارروائی میں 3 ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا تھا، ایف آئی ار کے انداج کے بعد مقدمہ عدالت میں چلتا رہا۔

کسٹمز حکام نے ان نایاب پرندوں کی نگہداشت کے لیے بیرون ملک سے ماہرین بھی بلوائے تاہم قدرتی ماحول سے دور کسٹمز اسپورٹس کمپلیکس میں رکھے گئے باز ایک ایک کر کے مرتے رہے۔

طویل عدالتی کارروائی کے دوران 105 باز مرگئے، مرنے والے باز عدالتی فیصلے تک دفنائے نہیں جاسکتے ہیں، اس لیے انہیں فریزر میں محفوظ کردیا گیا ہے۔