فیصل آباد: ڈکیتی کے دوران خاتون سے مبینہ زیادتی کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

January 26, 2022

پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں کار سوار فیملی سے ڈکیتی اور خاتون کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سی پی او غلام مبشر میکن نے کیس سے متعلق جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے بھجوایا جاچکا ہے، مدعی مجسٹریٹ کے سامنے ملزمان کی شناخت کریں گے۔

غلام مبشر میکن نے کہا کہ متاثرہ فیملی کی انسانیت کے ناطے سرکاری فنڈ سے مالی امداد کی ہے، ایک اچھے اقدام کو منفی رنگ نہ دیا جائے۔

سی پی او غلام مبشر میکن نے کہا کہ ابتداء میں زیادتی کا واقعہ مان کر کارروائی کی، بعد میں حقائق سامنے آئے، ملزمان پکڑے جاچکے ہیں، پولیس کی کوئی نااہلی نہیں جسے چھپایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان نے کئی وارداتوں کا اعتراف کیا مگر زیادتی سےانکار کیا، ملزمان کے انکار کے بعد بھی تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی گئیں۔

سی پی او نے کہا کہ ملزمان مقامی زمیندار کے ڈیرے سے پکڑے گئے، مقامی زمیندار کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ 21جنوری کو کار سوار فیملی سے ڈکیتی اور خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔