الیکشن کمیشن بلدیاتی الیکشن کیلئے ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے کا مجاز ہے، شبلی فراز

January 27, 2022

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے لئے ای وی ایم فراہم کرنے کا مجاز ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کو جگہ فراہم کرنے کی بھی آفر کی ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکٹرانک مشینوں کی خریداری کا مجاز ہے، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے لئے ٹینڈر جاری کرے اور مشینیں خریدے۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے ووٹنگ مشین کا تصور دیا، ہم خود سے مشین نہیں بناتے، عوامی مزاج کے مطابق ووٹنگ مشین مقامی طور پر تیار ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ہم نے چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی ہے کہ وہ مشینوں کی خریداری کرے، الیکشن کمیشن جس مشین کو بہتر سمجھتا ہے، وہی خریدے۔

شبلی فراز نے کہا کہ مشینوں کی اسٹوریج کے لئےالیکشن کمیشن کو 500میٹر کی حدود میں جگہ آفر کی ہے، ہمارا کام الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے۔