بھارتی فلمساز کی درخواست پر گوگل کے سی ای او سندر پچائی کیخلاف مقدمہ

January 28, 2022

ممبئی(این این آئی)ممبئی میں پولیس نے گوگل (ایلفابیٹ ان کارپوریشن)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)سندر پچائی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ سندر پچائی اور پانچ دیگر کمپنیوں کے آفیشلز کے خلاف کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گوگل کے سندر پچائی کے ساتھ دیگر پانچ کمپنیوں کے حکام کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ۔ اپنے بیان میں ممبئی پولیس کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر گوگل کے سی ای او سندر پچائی اور پانچ دیگر کمپنیوں کے آفیشلز کے خلاف کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ان کے خلاف فلم ہدایتکار سنیل درشن نے درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ گوگل نے غیر مجاز لوگوں کو ان کی فلم ʼʼاِک حسینہ تھی اِک دیوانہ تھا::کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کرنے کی اجازت دی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔