ٹریفک رش کم کرنیکا فیصلہ، کے پی ٹی آنیوالے کنٹینرز دوسری جگہ منتقل

January 29, 2022

کراچی(آئی این پی) ٹرانسپورٹیشن اینڈ لاجسٹکس کی جانب سے شہر قائد میں ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کیا گیاہے جس کے تحت کے پی ٹی میں آنے والے کنٹینرز کو دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔

وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی کی سربراہی میں کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پپری مارشلنگ یارڈ کے شروع ہونے کے بعد کے پی ٹی میں آنے والے تمام کارگو کنٹینرز کو بانڈڈ پپری مارشلنگ یارڈ میں منتقل کردیا جائے گا اور بانڈڈ پپری مارشلنگ میں مال اتارنے سمیت کسٹم کلیئرنس کی جائے گی۔

اس فیصلے سے کراچی کی سڑکوں پر بڑی گاڑیوں کے بھاری ٹریفک کے ہجوم میں کافی حد تک کمی آئے گی۔ ہیلی کاپٹر لائسنسنگ پالیسی، کے پی ٹی سے پپری ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور، پورٹ قاسم کراچی پر کیو فلیکس ویسلز، ہائیڈرو کاربن پر بندرگاہوں کی جانب سے وصول کیے جانے والے چارجز اور پورٹ قاسم میں پی بی آئی ٹی ٹرمینل سے نئے ریل لنک پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی، وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن غلام سرور خان، مشیر تجارت رزاق داؤد، چیئرمین پورٹ قاسم ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ، چیئرمین کے پی ٹی نادر ممتاز، چیئرمین پی این ایس سی رضوان خان احمد، چیئرمین اوگرا مسرور خان، سیکرٹریز اوردیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر بحری امور نے شرکاء کو مزید ہدایات جاری کیں کہ کمیٹی اگلے اجلاس میں تمام ایجنڈوں پر عمل درآمد کرے گی۔