اسلام آباد ( طاہر خلیل )پاکستان ، نیپال ،بھوٹان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ نے کام شروع کر دیا ، پارلیمانی رابطوں کے فروغ ،دو طرفہ تجارت میں اضافے کے عزم کا اعادہ، عوامی سطح پر روابط، ثقافتی تبادلوں پر اتفاق گروپ کا افتتاحی بریفنگ سیشن پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں گروپ کے کنوینر ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں گروپ اراکین شہزادہ محمد گشتاسپ خان، محمد عثمان بادینی، ڈاکٹر درشن، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو، فرح ناز اکبر، نکہت شکیل خان، مسرت رفیق مہیسر اور شائستہ خان نے شرکت کی، گروپ کے اراکین نے نیپال اور بھوٹان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے سفارتی مشنز کو مکمل تعاون فراہم کرنے، نیپال و بھوٹان کی پارلیمانوں سے باضابطہ روابط قائم کرنے، عوامی سطح پر روابط، ثقافتی تبادلوں اور پارلیمانی اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔