کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام جمعرات کو کراچی پریس کلب پر بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواجِ پاکستان کے حق میں بڑے مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، مظاہرے میں ایم کیو ایم کارکنان اور حق پرست عوام نے بھر پورتعداد میں شرکت کی اور وطن عزیز کی افواج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مودی سرکار اور بھارتی فوج کو اس مڈ ایڈونچر پر جلد بڑا سرپرائز ملے گا ، بھارت کے اندر مزید پاکستان بنیں گے اکھنڈ بھارت کی ہندوتوا سوچ پاک افواج ریزہ ریزہ کر دے گی، آج ایک بار پھر ثابت ہوا ہمارے اجداد کا پاکستان بنانے کا فیصلہ درست تھا، سفارتی اور داخلی محاذ پر بھارت کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری ہے، جنگ میں بھارتی فضائیہ کا پورا اسکواڈرن مار گرائیں گے اس جنگ سے صرف بھارت پاکستان کو نہیں بلکہ پوری دنیا کو خطرہ ہے لاحق ہے سینئر مرکزی رہنماء نسرین جلیل نے کہا کہ بھارت کے جھوٹے الزامات ناحق جارحیت کا پاکستان کو سامنا ہے بھارت کے شرمناک حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں پہلگام واقعہ قابل افسوس ہے بھارت نے معاملے کی آزادانہ انکوائری کے بجائے الزام پاکستان پر لگا دیا، سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کا سبز ہلالی پرچم وطن کے کونے کونے میں بلند ہے جنگوں میں جذبے اور شجاعت لڑتے ہیں میزائل یا جنگی طیارے نہیں۔