امن دشمنوں کیخلاف قوم پاک فوج کیساتھ ہے‘ سینیٹر ثمینہ ممتاز

January 29, 2022

کوئٹہ ( پ ر)کنوینر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ سینیٹ وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے مذمتی بیان میں کیچ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دشمن اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے پختہ عزم کو ڈگمگا نہیں سکتا ۔ شہداء کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سیکورٹی فورسز اور قوم کا عزم کم نہیں ہوگا۔پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز وطن کی حفاظت میں دن رات چوکنا اور دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیںاور کسی ایسی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد جان لیں کہ ان کا سامنا ایک بہادر قوم سے ہے جس نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست سے دوچار کیا اور آئندہ بھی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یا جائے گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز نے حملے میں شہید جوانوںاور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں جو قابل ستائش و فخر بات ہے انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اوربلوچستان کے امن کے دشمنوں کوشکست دینے کیلئے پرعزم ہے انہوں نے حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔