• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثانوی تعلیمی بورڈ کے 34 طلبہ کے نتائج کی تصدیق اور جانچ پڑتال کیلئے کمیٹی قائم

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی بی آئی ایس ای) کوئٹہ نے ایچ ایس ایس سی 2024 کے امتحانات کے نتائج میں مبینہ طور پر نمبروں میں ردوبدل اور اضافہ کئے جانے کے معاملے پر 34 طلبہ کے نتائج کی تصدیق اور جانچ پڑتال کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی قائم کردی ہے۔چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام بلوچستان ہائی کورٹ کی ہدایات، کیس نمبر C.P No: 533/2025 کی کارروائی کے دوران، اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی جانب سے زیر تفتیش مقدمے کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت قائم کی گئی کمیٹی کے چیئرمین سیکریٹری بورڈ ضیا الرحمٰن ہوں گے، جبکہ ڈپٹی سیکریٹری سیکریسی محمد شفیع اور ڈپٹی سیکرٹری ایگز یمینیشن برانچ محمد ہارون بطور ممبران کمیٹی میں شامل ہوں گے۔کمیٹی کے ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی کی جانب سے34 طلبہ کو نوٹس جاری کئے جائیں گے، جنہیں کمیٹی کے سامنے ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنے اصل تعلیمی اسناد اور ان کی دو مصدقہ نقول جمع کرانا ہوں گی۔سماعت کے بعد کمیٹی اپنی تفصیلی رپورٹ، نتائج اور سفارشات چیئرمین بی بی آئی ایس ای کو پیش کرے گی، جسے بورڈ یا ایگزیکٹو باڈی کے سامنے مزید قانونی اور انتظامی کارروائی کے لیے رکھا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام کارروائی بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایکٹ 2019 کے سیکشن 11(2)(g) کے تحت تفویض اختیارات کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
کوئٹہ سے مزید