رقم وصولی کے با وجود زرغون اسکیم کیلئے مین گیس لائن کا مکمل نہ ہو نا قابل مذمت ہے، رمضان ملا خیل

May 18, 2022

کوئٹہ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے رہائشی محمد رمضان ملا خیل اور دیگر مکینوں نےاپنے بیان میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ سوئی گیس کمپنی کیو ڈی اے سے مین پائپ لائن کیلئے رقم وصول کرنے کے با وجود معاملے کو ڈیڑھ سال سے لٹکائے ہوئے ہے ۔ پائپ لائن زرغون اسکیم کے گیٹ تک لا کر چھوڑ دی گئی ہے او ر مین پائپ لائن کا کام تک مکمل نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے رہائشیوں نے گزشتہ موسم سرما بھی انتہائی نا مساعد حالات میں گزارا اور بچے و بزرگ بیمار ہو گئے اور ہسپتالو ں کے چکر کاٹتے رہے۔ اب حالانکہ گرمی کا سیزن ابھی شروع ہوا ہے لیکن اسکیم کے مکینوں کو ابھی سے یہ خوف آ رہا ہے کہ آئندہ سیزن میں کیا ہو گا؟ انہوں نے کہا کہ ایس ایس جی سی ایل کی جانب سے کام میں تاخیر قطعی قابل تعریف نہیں اور اسکیم کے رہائشیوں کو خوف ہے کہ ان کا آئندہ سیزن بھی ہسپتالوں کے چکر کاٹتے گزرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر اے این پی کے رہنماء انجنئیر زمرک کا اسکیم میں اپنے فنڈ سے ہسپتال بنانا قا بل تعریف ہے۔ ان کے اس رفاحی کام سے نہ صرف اللہ خوش ہو گا بلکہ جب تک یہ ہسپتال رہے گا دنیا ان کو اچھے نام سے یاد کرتی رہے گی۔ رمضان ملا خیل نے مزید کہا کہ اب جبکہ یہ ہسپتال تکمیل کے قریب ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اسکیم میں بچوں کیلئے اسکول/ کالج وغیرہ بھی بن رہے ہیں اور سب سے اہم بات یہ کہ یہا ں ایک سو سے زائد مکانات بن چکے ہیں اور تقریباً 50 کے قریب گھر آباد بھی ہو چکے ہیں ایسے میں اس ہسپتال کو گیس کے بغیر فعال بنانا اور مکینوں کا اس سے فائدہ اٹھانا ایک خواب سا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کی فعالیت گیس کے بغیر ممکن نہیں اور اس کی افادیت بھی اس وقت ہو گی جب یہاں گیس سپلائی کر دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں انجنئیر زمرک نے ہسپتال بنا کر علاقے کے مکینوں پر احسان کیا ہے تو اس کی فعالیت میں بھی دلچسپی لیتے ہوئے گیس کی سپلائی بھی ممکن بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیو ڈی اے جب مین پائپ لائن بچھانے کیلئے رقم کی ادائیگی کر چکا ہے تو اس کا حق بنتا ہے کہ وہ اس منصوبے کی نگرانی بھی کرے اور گیس کمپنی ے کےحکام سے رابطہ کر کے اس کی تکمیل کو ممکن بنائے۔