وجے بابو پر اداکارہ سے زیادتی کا الزام، ادکار کی والدہ کی بیٹے کے دفاع میں شکایت

May 18, 2022

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے اداکار وجے بابو پر گزشتہ دنوں ایک ساتھی اداکارہ کی طرف سے جنسی زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ اب ادا کار کی والدہ مایا بابو نے اس اداکارہ کے خلاف کیرالہ کے وزیراعلیٰ پینارائے وجیان اور ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس انیل کنت کو شکایت کر دی ہے۔ بھارتی میڈیاکے مطابق مایا بابو کی طرف سے اپنی اس شکایت میں کہا گیا ہے کہ ”اداکارہ نے میرے بیٹے کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرایا ہے۔“مایابابو نے اپنی اس شکایت میں کہا ہے کہ ان کے بیٹے کے خلاف اداکارہ کی طرف سے درج کرائے گئے مقدمے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ اداکارہ نے ارناکولم کے فلم سازوں کے ایک گروپ کے ساتھ سازباز کرکے یہ مقدمہ درج کرایا ہے۔ یہ سب لوگ مل کر میرے بیٹے کو بدنام کرنے کی ساز ش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اداکاروجے بابو متحدہ عرب امارات میں ہیں اور اداکارہ کی طرف سے ان کے خلاف مقدمہ درج کرائے جانے کے بعد کوچی سٹی پولیس انہیں انٹرپول کے ذریعے امارات سے واپس بھارت لانے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔ کوچی کورٹ سے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہو چکے ہیں۔ انٹرپول کا ریڈ کارنر نوٹس متحدہ عرب امارات پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور امکان ہے کہ آئندہ چند دنوں میں وجے بابو کو بھارت منتقل کر دیا جائے گا۔