کلکتہ میں بنگالی اداکارہ اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں

May 18, 2022

کلکتہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ میں ایک بنگالی اداکارہ اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کو 21 سالہ پلوی ڈے کی لاش ان کے جنوبی کلکتہ کے فلیٹ سے ملی ہے۔ذرائع کے مطابق گنگولی پوکھر علاقے میں واقع مکان میں اداکارہ پلوی ڈے کے کمرے کا دروازہ دیر تک بند رہنے پر گھر والوں کو تشویش ہوئی۔ گھر والوں نے آواز دی، لیکن کمرے کے اندر سے کوئی جواب نہیں آیاگھر والوں نے دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے تو اداکارہ کی لاش سیلنگ پھنکے سے جھولتی ہوئی پائی گئی۔ پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیجنے کا انتظام کیا۔ایک سینیئر پولیس افسر نے میڈیاکو بتایا کہ جب اداکارہ کو اسپتال پہنچایا گیا تو وہ مردہ حالت میں تھیں۔افسر کا مزید کہنا تھا کہ پلوی نے یہ فلیٹ اپنے پارٹنر کے ساتھ مل کر کرائے پر لیا ہوا تھا اور جب انہوں نے پلوی کو بے سدھ پایا تو چیخ کر پڑوسیوں کو آوازیں دیں۔ پولیس نے کہا کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ گھر والوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ نہیں ملنے تک اس معاملے میں واضح طور پر کچھ بھی کہا نہیں جاسکتا ہے۔تاہم سینیئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ’اس کیس کی تفتیش ہر پہلو سے کی جارہی ہے۔ ابھی ہم ان کے پارٹنر سے بات کررہے ہیں تاکہ واقعے سے پہلے کی صورتحال کو سمجھا جاسکے۔