معیشت کے حالات ہمارے علم سے بہت زیادہ برے ہیں، شاہد خاقان

May 19, 2022

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ معیشت کے حالات ہمارے علم سے بہت زیادہ برے ہیں، اتحادیوں نے کہا ہے کہ مدت پوری کرنی چاہیے۔

جیو نیوز کے پروگرام’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آپ قیمت خرید سے کم پر پٹرولیم مصنوعات بیچ رہے ہیں، معیشت کے استحکام کے لیے وقت درکار ہے، معیشت کے غیر معمولی حالات ہیں۔

شاہد خاقان نے کہا کہ ہم سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، ایک میٹنگ بلائی جائے جس میں صدر، وزرائے اعلیٰ اور دیگر موجود ہوں، جو حالات آج ہیں ایسے حالات پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ قرض لےکر اپنے معاملات چلاتے ہیں، کیسے قیمت خرید پر پٹرول بیچ سکتے ہیں، مشکل فیصلے کریں اور الیکشن میں جائیں، یہ منطق قبول نہیں، ملک میں معاشی استحکام سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں، غیر معمولی فیصلے کرنے ہیں، سب کو بوجھ اٹھانا پڑے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی جلسے عمران خان کا حق ہے، اسٹیبلشمنٹ کو دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں، بڑے فیصلوں کے لیے بڑی سپورٹ چاہیے، ہم بیساکھی نہیں مانگ رہے، بیساکھی سے ملک نہیں چلتے۔

انہوں نے کہا کہ آج جو فیصلے کرنے ہیں آئینی طور پر سب اس میں شامل ہوں، ہمیں پچھلی حکومت کی قیمت ادا کرنی پڑے گی، یہ آسان بات نہیں، نگراں حکومت موجودہ صورتحال کو کنٹرول نہیں کر سکتی، نگراں حکومت یا الیکشن یہ معاملات حل نہیں کرسکتے۔