مریم نواز! میرا نام نہ لیا کرو کہیں تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے، عمران خان

May 20, 2022

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق نازیبا کلمات کہے ہیں، جس پر ن لیگی قیات نے شدید مذمت کی ہے۔

ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے مریم نواز کی گزشتہ روز کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم اتنے جذبے اور جنون سے میرا نام نہ لیا کرو کہیں تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کے الفاظ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پر زور مذمت کریں۔

وزیرداخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اس بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ قوم کی بیٹی مریم نواز پر جملے بازی کرکے عمران خان پوری قوم کی خواتین کی توہین کر رہے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران نے زبان کو لگام نہ دی تو گندگی پھیلانے والی زبان کھینچنا آتی ہے۔

عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے، حمزہ شہباز

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کے بارے میں عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ اخلاقیات،روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب یہ خواتین پر رکیک حملے بھی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔ ایسی بد زبانی کو سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لیے زہر قاتل ہے۔

احسن اقبال کی عمران خان کے بیان کی مذمت

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی عمران خان کے بیان کی مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی مریم نواز کے خلاف اپنی بد زبانی سے شائستگی، اقدار اور برداشت کی تمام حدیں عبور کر چکا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ عمران کی ذہنی پستی اور بے غیرتی کی عکاس ہے اور ناقابل برداشت ہے، عمران نیازی نے پاکستان کی ہر بیٹی کی توہین کی ہے، اگر معافی نہیں مانگی تو قانون کو حرکت میں آنا چاہیے، بہت ہو گیا!

سینیٹر عرفان صدیقی کا عمران کی تقریر پر رد عمل

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان نے جو کچھ مریم کے بارے میں کہا مذمت کے لیے کوئی لفظ نہیں ہے، کوئی تصورنہیں کرسکتا اسلامی قدروں سے عاری شخص ان حدوں کو بھی چھوسکتا ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ کوئی تصور نہیں کرسکتا تہذیب اوراخلاق سے عاری کوئی شخص ذلت، پستی کی حدوں کو چھو سکتا ہے۔