امپورٹڈ حکومت نے سینئر سیاستدانوں کونشانہ بناناشروع کردیا، مجلس وحدت مسلمین

May 22, 2022

لاہور(خبرنگار) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے تحریک انصاف کی سنیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے امریکہ کی خوشنودی کے حصول کے لیے سینئر سیاستدانوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ملک کی موجودہ سنگین ترین صورتحال میں اس قسم کی انتقامی کارروائیاں ریاست کے وجود کو خطرات سے دوچار کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ ریاستی ادارےاگر قانون و آئین کی بالادستی کو مقدم رکھنے کی بجائے شخصیات کی جائز وناجائز ماننا شروع کر دیں گے تو ملک انتشار و بدامنی کا شکار ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انتقامی سیاست نون لیگ کا وطیرہ ہے۔ماڈل ٹاؤن جیسے بھیانک واقعات پاکستان کی تاریخ کے وہ سیاہ باب ہیں جو نون لیگ حکومت کے حصے میں آئے ہیں ۔نون لیگ کی اتحادی جماعتوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ موجودہ حکومت کو دانش و بصیرت کا درس دیتے ہوئے اس طرح کے غیرمنصفانہ اقدامات سے باز رکھیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی دوستی کو اقتدار کی طوالت کا ذریعہ سمجھنے والے تاریخ سے سبق سیکھیں۔ امریکہ نے ہمیشہ اپنے دوستوں کی پیٹھ پر وار کیا ہے۔عالمی استکباری طاقتیں اپنے مفادات کے سوا کسی کی یار نہیں۔وطن عزیز کو درپیش لاتعداد بحرانوں کا اصل ذمہ دار امریکہ ہے۔ظالم کی مخالفت اور مظلوم کی حمایت مجلس وحدت مسلمین کے منشور کا حصہ ہے۔پاکستان میں امریکی مداخلت قطعی قبول نہیں۔اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔