لاہور (اپنے نامہ نگار سے) محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور میں کرسمس کی مناسبت سے ایک خوشگوار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مسیحی ملازمین کے ساتھ کرسمس کیک کاٹا۔ تقریب میں سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، فرید احمد تارڑ بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے وزیراعلٰی پنجاب کی جانب سے مسیحی ملازمین کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان میں عیدی چیکس بھی تقسیم کیے۔ مسیحی ملازمین نے وزیراعلٰی پنجاب اور صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کی حضرت عیسیٰؑ کا پیغام امن، محبت، برداشت اور انسانیت ہے۔ پنجاب حکومت ایسی اقدار کو فروغ دے رہی ہے اور اقلیتوں کو برابر کے حقوق، عزت اور تحفظ فراہم کرنے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔