سولر ٹیکنالوجی کی درآمدپر17فیصد ٹیکس ختم کرناخوش آئند اقدام ،ندیم قریشی

May 22, 2022

لاہور (سپیشل رپورٹر) وفاقی چیمبر کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی نے سولر ٹیکنالوجی کی درآمد پر عائد17فیصد سیلز ٹیکس ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے سترہ فیصد سیلز ٹیکس ختم کرکے بہترین قدم اٹھا یا ہے۔ ملک میں توانائی کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں،گرین انرجی پر منتقلی کے لیے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی شمسی توانائی پر ٹیکس چھوٹ دینے کی اشد ضرورت تھی۔فیڈریشن چیمبر نے حکومت سے شمسی توانائی کے آلات پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کر رکھا تھا، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد سے میٹنگ کے موقع پر بھی سیلز ٹیکس کو ختم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔انہوں نے مزید کہاکہ گرین انرجی سے 20ارب ڈالر کی بچت کی جا سکتی ہے۔اللہ پاک نے پاکستان کو سورج اور ہوا سمیت قدرتی وسائل اور نعمتوں سے مالا مال کیا ہے۔ہمیں سولر اور ونڈ پاور پر آگے بڑھنا ہو گا۔توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔محمد ندیم قریشی نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک تمام کمرشل بینکوں کو پابند کرئے گے کہ وہ شمسی آلات کو ہی بطور بینک گارنٹی تصور کرئے اورقرضے جاری کرئے۔ جس سے شمسی توانائی آلات کے استعمال میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ہو گا اور ملک بہت جلد توانائی کے بحران سے باہر نکل آئے گا۔