لاہور(خصوصی رپورٹر)پنجاب میں قبضہ مافیا اور پلاٹس فراڈ کرنیوالوں کیخلاف کڑی قانون سازی کی تیاریاں جاری ہیں۔وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے بورڈ آف ریونیو میں ہونیوالے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ایس ایم بی آر نبیل جاوید، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی پی ایل آر اے اور دیگر افسران شریک تھے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، صوبہ بھر میں ہاؤسنگ اسکیموں کی منظوری سے متعلقہ سافٹ ویئر تیار کرے گی۔ ڈیجیٹل ریونیو ریکارڈ،این او سیز کی فراہمی سمیت دیگر امور 90 روز میں نبٹانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں اور جعلی فائل سسٹم کیخلاف عوامی شکایات کا تدارک کیا جائے گا۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کی تشہیر روکنے اور پراپرٹی ڈیلرز کو رجسٹرڈ کرنے بارے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے اکاؤنٹس اور اثاثہ جات منجمد کیے جانے بارے بھی سفارشات پیش کی گئیں۔