یٰسین ملک کی رہائی کا معاملہ ہر فورم پر اٹھایا جائے، زاہد مغل

May 23, 2022

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے انفارمیشن سیکرٹری زاہد مغل نے کہا ہے کہ کشمیری رہنما یاسین ملک پر بھارتی حکومت ظلم کررہی ہے، یاسین ملک گزشتہ 3سال سے بھارت کی تہاڑ جیل میں قید ہیں، گرفتاری کے بعد سے اہل خانہ سمیت کسی کو بھی ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی ،بھارتی فورسز اورجیل حکام کے بدترین تشدد کے باعث یاسین ملک کی صحت تشویشناک حد تک خراب ہوچکی ہے اورانہیں جیل میں علاج کی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا رہی، اب ان کے خلاف جھوٹےمقدمات پر بھارتی عدالتیں یکطرفہ فیصلہ سنانے جارہی ہیں، اس وقت یاسین ملک کے ایشوز پر تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے ،زاہد مغل نے برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ یاسین ملک کے معاملے کو برطانیہ کے ہر فورم پر اٹھائیں ،یاسین ملک نےکشمیریوں کی آزادی کے لیے اپنی جوانی اور اپنا خاندان قربان کیا، کشمیریوں کے اوپر بہیمانہ مظالم پر دنیاگونگی اور بہری بنی ہوئی ہے،دنیا کشمیر کی موجودہ صورتحال پر ہوش کے ناخن لے اور کشمیر میں ہونے والی بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائے۔