ا ولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ فاتح عرب و عجم سیدنا معاویہ بن ابو سفیان رضی اللہ عنہ اسلامی تاریخ کی عظیم الشان اور جلیل القدر شخصیت ہیں۔ قبول اسلام کے بعد انہیں لسان نبوت سے ہادی و مہدی کا لقب ملا اور وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتبین وحی میں شمار کیے گئے- انہیں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی دعاؤں سے نوازا، اور انہیں یہ بھی فرمایا کہ اگر مسلمانوں کے امور تمھارے سپرد کیے گئے تو اللہ سے ڈرنا اور عدل سے کام لینا۔ حضرت ابوبکر و عمر اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہم کے دور میں جنگ و امن کے ہرموقع پر وہ تمام خدمات انجام دیں جو سیکرٹریٹ خلافت سے ان کے سپرد کی گئیں۔ 20سال صوبہ شام کے گورنر رہے اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد خلیفہ خامس سیدنا حسن رضی اللہ عنہ نے ایک صلح کے ذریعے امر خلافت ان کے سپرد کر دیا، پھر بیس سال انہوں نے خلافت کی ذمہ داری عدل و انصاف کے ساتھ نبھائی۔ 22 رجب کو ان کی وفات کے حوالے سے ایک بیان میں عمر توحیدی نے کہا کہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک جلیل القدر فرماں روا، قابل سپہ سالار اور میدان سیاست کے دھنی تھے۔آپ کا دور غلبہ اسلام اور فتوحات کا عظیم دور تھا۔ اس پر بروکلمن، سائیکس،نکلسن اور سر ولیم میور جیسے مستشرقین بھی اسلام کی عظمت رفتہ اور آپ کے تدبر و سیاست پر رطب اللسان نظر آتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں کئی اصلاحات متعارف کروائیں اسلامی بحریہ قائم کی۔