• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممتاز زہرہ بلوچ نے فرانسیسی حکام کو سفارتی اسناد کی نقول پیش کردیں

پیرس (نمائندہ جنگ )فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے فرانسیسی وزارت خارجہ کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول کو سفارتی اسناد کی نقول پیش کیں۔ یہ بات فرانس میں پاکستان کے سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ میں بتائی گئی۔ کیریئر ڈپلومیٹ ممتاز زہرہ بلوچ نے جنوری 2025 میں فرانس میں پاکستان کی سفیر اور یونیسکو میں مستقل مندوب کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس سے قبل وہ وزارت خارجہ کی ترجمان اور ایڈیشنل سیکرٹری (اسٹریٹجک کمیونیکیشن ڈویژن اینڈ پبلک ڈپلومیسی) کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ ممتاز زہرہ بلوچ جمہوریہ کوریا میں پاکستان کی سفیر (2020-2021) اور چین میں پاکستانی سفارت خانے میں منسٹر/ڈپٹی ہیڈ آف مشن (2015-2020) کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ سفارتخانہ پاکستان، واشنگٹن ڈی سی (2006-2011) میں سیاسی امور کی قونصلر اور اقوام متحدہ، جنیوا (1999-2002) میں پاکستان کے مستقل مشن میں سیکنڈ سیکرٹری کے طور پر بھی کام کرچکی ہیں۔انہوں نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ ایشیا اینڈ پیسفک (2022-2023)، ڈائریکٹر امریکہ (2013-2014)، ڈائریکٹر سلامتی کونسل اور انسانی حقوق (2012-2013) اور ڈائریکٹر سٹریٹجک پلاننگ (12 -2011)کے طور پر خدمات انجام دیں۔ - Advertisement - 2014-2015 کے دوران ممتاز زہرہ بلوچ نے ڈائریکٹر (اکیڈمک پروگرام) اور بعد ازاں فارن سروس اکیڈمی اسلام آباد کی قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ممتاز زہرہ بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے فزکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ فلیچر اسکول آف لاء اینڈ ڈپلومیسی امریکہ سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز اور ایکول نیشنل ڈی ایڈمنسٹریشن فرانس سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ڈگری حاصل کی۔
یورپ سے سے مزید