اداکار تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص

May 27, 2022

فائل فوٹو

پاکستان کے معروف اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال کو کینسر کا مرض تشخیص ہوا ہے جس کے بعد وہ علاج کے لیے جاپان منتقل ہوگئے ہیں، انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے چاہنے والوں سے اپنی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

پاکستان کے معروف اداکار ڈائریکٹر پروڈیوسر جو گزشتہ 35 برسوں سے اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے پاکستان میں اہم مقام رکھتے ہیں، تنویر جمال کو ان کی بہترین اداکاری پر بی ٹی وی کی جانب سے بیسٹ ایکٹر ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے جبکہ پرائیوٹ پروڈکشن میں سے پہلے ایکشن سے بھرپور میگا ڈرامہ سیریل ’گاڈ فادر‘ جو جاپان اور پاکستان میں ریکارڈ کی گئی کو ڈائریکٹ اور پروڈیوس کرکے انڈسٹری میں اپنا نام بنایا۔

انہوں نے درجنوں معروف ڈرامہ سیریل میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ اب پیمبر نہیں آئیں گے اور عنقریب ریلیز ہونے والی فلم جاپان کنکشن پر ڈائریکٹ اور پروڈیوس کی ہے۔

تنویر جمال 2016 میں پہلی دفعہ کینسر کے مرض کا شکار ہوئے تھے تاہم علاج کے بعد صحتیاب ہوگئے تھے لیکن چند ماہ قبل انہیں پھر سے تکلیف ہوئی اور ایک بار پھر کینسر کی تشخیص ہوئی جس سے ان کی صحت کافی متاثر ہوئی ہے جس کے بعد انہوں نے کینسر کے مکمل علاج کے لیے جاپان منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

توقع ہے اگلے ہفتے جاپان میں کینسر ماہرین ان کا تفصیلی چیک اپ کریں گے اور علاج شروع کریں گے، اس موقع پر تنویر جمال نے دنیا بھر میں اپنے چاہنے والوں سے اپنی صحت یابی کے لیے خصوصی دعاوں کی اپیل کی ہے۔