ریلیز سے چند دن قبل اکشے کمار کی فلم کا نام تبدیل

May 27, 2022

بالی ووڈ کھلاڑی اکشے کمار کی 3 جون کو ریلیز ہونے والی فلم پرتھوی راج کا ٹائٹل نام اب ’سمراٹ پرتھوی راج‘ رکھ دیا گیا ہے۔

ایسا کیا ہوا کہ اکشے کمار کی فلم پرتھوی راج کو ریلیز سے چند قبل نام تبدیل کرکے سمرٹ پرتھوی راج رکھنا پڑگیا؟

یش راج فلمز کی انتظامیہ نے فلم کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ شری راجپوت کرنی سینا نامی تنظیم کی مفاد عامہ کی درخواست( پی آئی ایل) کے بعد کیا ہے۔

فلم ساز کمپنی نے اس حوالے سے آفیشل لیٹر بھی جاری کردیا، جس میں تنظیم کے صدر کو اکشے کمار کی نئی فلم کا ٹائٹل نام سمراٹ پرتھوی راج رکھے جانے سے آگاہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شری راجپوت کرنی سینا نے اپنے وکیل کے ذریعے پی آئی ایل دائر کی، جس میں راجپوت برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا۔

اس کے بعد فلمساز کمپنی اور وکیل کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوئیں،27 مئی کو راجپوت برادری کے جذبات کا احساس کرتے ہوئے یش راج فلمز نے نام سمراٹ پرتھوی راج کرنے پر رضامندی ظاہرکردی۔

یش راج فلمز نے شری راجپوت کرنی سینا کے صدر کے نام اپنے خط میں کمپنی کی روایت، تخلیقی فلم سازی اور بھارتی سینما سے متعلق خدمات کا تذکرہ کیا۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ہم فلم کے ٹائٹل نام کے سلسلے میں آپ کی شکایت سے آگاہ ہوئے، اس حوالے سے آپ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

یش راج فلمز نے اپنے خط میں یہ بھی کہا کہ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ پرتھوی راج چوہان سے متعلق کسی فرد کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں۔

خط میں کہا گیا کہ پرتھوی راج چوہان کی زندگی پر مبنی فلم دراصل اُن کی بہادری، کامیابیوں اور قومی تاریخ اجاگر کرنے کے جذبے کے تحت بنائی گئی ہے۔

فلم ساز کمپنی نے خط میں باہمی سمجھوتے کی تعریف کی اور اپنی طرف سے فلم کا نام بدلنے کی یقین دہانی کرائی۔

اکشے کمار کی فلم 3 جون کو ریلیز ہورہی ہے، جس میں مانشی چلر، سنجے دت، سونو سود بھی اہم کردار نبھارہے ہیں، یہ فلم ہندی، تامل اور تلگو زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔