مصنفہ آنا مروان کو جرمن ادب کے اِنگے بورگ باخ مان پرائز سے نوازا گیا

June 29, 2022

ویانا(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریا کے شہر کلاگن فُرٹ میں’جرمن زبان میں لکھے جانے والے’’ ادب کے دن ‘‘ کے46ویں ادبی اجتماع کے اختتامی روز آنا مروان کو جرمن زبان کے ادب کا مؤقر انعام اِنگے بورگ باخ مان پرائز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔یہ جرمن ادبی انعام ہر سال دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ اس اعزاز کے حق دار مصنف یا مصنفہ کو 25 ہزار یورو کی نقد رقم بھی دی جاتی ہے۔ سال رواں کا اِنگے بورگ باخ مان پرائز جیتنے والی آنا مروان آسٹریا کے صوبے زیریں آسٹریا میں رہتی ہیں۔آنا مروان کو یہ ادبی اعزاز دینے کا فیصلہ کرنے والی جیوری نے اپنے فیصلے میں کہاکہ آنا مروان آبائی طور پر تو سلووینیہ سے تعلق رکھتی ہیں، مگر وہ جرمن زبان میں اپنی تخلیقی سوچ اور تصنیفات کو شکل ایسے دیتی ہیں کہ جیسے وہ کسی دوسری زبان والے معاشرے میں کبھی رہی ہی نہ ہوں۔ اس سال کلاگن فُرٹ میں جرمن زبان کے ادب کا یہ سالانہ اجتماع کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دو سال تک مکمل یا جزوی منسوخی کے بعد پہلی بار اس طرح منعقد ہوا کہ اس میں جرمن زبان میں لکھنے والے 14 ادیبوں نے ذاتی طور پر شرکت کی۔یہ انعام آسٹریا کی مشہور ادیبہ اِنگے بورگ باخ مان کے نام پر جاری کیا گیا تھا، جو کلاگن فُرٹ ہی میں پیدا ہوئی تھیں۔ 1926ء میں پیدا ہونے والی باخ مان کا انتقال 1973ء میں ہوا تھا۔آنا مروان نے اِنگے بورگ باخ مان انعام وصول کرنے کے بعد اپنے ابتدائی ردعمل میں کہا کہ ان کے لیے یہ انعام حاصل کرنا بہت بڑا اعزاز ہے اور اس کے لیے وہ جیوری کی شکر گزار بھی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ میری تحریریں مجھ سے کہیں زیادہ اچھی باتیں کرتی ہیں۔آنا مروان نے سلووینیہ کے دارالحکومت لبلیانہ کی یونیورسٹی سے زبان و ادب میں ڈگری حاصل کی تھی اور 1980ء میں پیدا ہونے والی یہ مصنفہ25برس کی عمر میں اعلیٰ ادبی تعلیم کے لیے ویانا آئی تھیں۔