لیچی کے طبی اور غذائی فوائد

June 30, 2022

گرمی کی شدّت کے باوجود موسم گرما کے پھل ہمیں اس موسم کو پسند کرنے کی ایک اچھی وجہ فراہم کرتے ہیں۔ آم، خربوزہ اور تربوز، فالسے، آڑو، جامن اور لیچی اس موسم کی سوغات ہیں۔ لیچی ایک نرم، سفید گلابی رنگ کا گودے دار (puply)پھل ہے، جسے عام طور پر تازہ کھایا جاتا ہے۔ اس کا گودا خوشبودار اور ذائقے میں مشکی ہوتا ہے۔

یہ گرم مرطوب علاقوں میں کاشت کیا جاتا ہے اور گرمیوں کے موسم میں بہت کم وقت کے لیے دستیاب ہوتا ہے۔ لیچی کی کاشت 1059ء میں جنوبی چین، ملائیشیا اور شمالی ویت نام میں شروع ہوئی۔ بعد میں اس پھل نے یورپی سیاحوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی۔ 1656ء میں لیچی کو مغرب میں متعارف کرایا گیا۔ برصغیر میں، لیچی کو 18ویں صدی میں برما کے ذریعے متعارف کرایا گیا اور یہاں سے یہ بہت سے ممالک میں پھیل گیا۔

100گرام (3.5اونس) تازہ لیچی 66کیلوریز، 0.83 گرام پروٹین، 0.44 گرام چربی، 16.5 گرام کاربوہائیڈریٹ، 1.3 گرام غذائی فائبر، 15.2 گرام چینی اور 71.5 ملی گرام وٹامن سی پر مشتمل ہوتی ہے۔ مدافعتی نظام کو بڑھانے سے لے کر خون کی گردش میں مدد کرنے تک، یہ رسیلا اور مزیدار پھل صحت کے بہت سے فوائد کا حامل ہے۔

اس میں وٹامن بی کمپلیکس، فائبر اور فائٹونیوٹرینٹ فلیوونائڈز کی اچھی مقدار پائی جاتی ہے، جو میٹابولزم، چربی، پروٹین اور کاربوہائیڈریٹ کو بڑھاتی ہے۔ لیچی فالج اور ہارٹ اٹیک کے خطرے کو کم کرتا ہے۔ اس میں پانی کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ گرم موسم میں انسان کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے ایک بہترین پھل ہے۔ ذیل میں لیچی کے طبی اور غذائی فوائد کے بارے میںذکر کیا جارہا ہے۔

قوت مدافعت

وٹامن سی سے بھرپور لیچی میں ایسکوربک ایسڈ (ABA) کی روزانہ کی ضرورت کا 100 فیصد سے زیادہ ہوتا ہے جو آپ کی قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے غیر معمولی طور پر اچھا کام کرتا ہے۔ وٹامن سی وائٹ بلڈ سیل کی سرگرمی کو متحرک کرتا ہے جو جسم کو بیرونی مضر اثرات سے بچاتا ہے۔

نظام انہضام

لیچی غذائی فائبر سے بھری ہوئی ہے۔ یہ فائبر، نظام انہضام کے ذریعے آنتوں کی حرکت کو منظم کرتے ہیں۔ یہ اسٹول میں بھی زیادہ اضافہ کرتا ہے اور قبض اور پیٹ کے دیگر مسائل کے لیے حیرت انگیز کام کر سکتا ہے۔ یہ گیسٹرک اور ڈائجسٹو جوس کو بھی متحرک کرتا ہے، جو غذائی اجزاء کو مؤثر طریقے سے جذب کرنے کو فروغ دیتا ہے۔

اینٹی وائرل رجحانات

لیچی میں موجود پرواینتھوسائیناڈنز (proanthocyanidins) جسم میں مضبوط اینٹی وائرل صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے جانا جاتا ہے۔ لیچی کا ایک جزو Lycheetannin A2، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد کر سکتا ہے۔

خون کی روانی

لیچی میں کاپر کی زیادہ مقدار ہمارے جسم میں دوران خون کو بڑھانے میں مدد دیتی ہے۔ آئرن کی طرح، کاپر بھی سرخ خون کے خلیات (RBCs) کی تشکیل کا ذمہ دار ہے۔ زیادہ آر بی سی کا مطلب خون کی بہتر گردش اور اعضاء اور خلیوں کی آکسیجن میں اضافہ ہے۔ لیچی میں غذائی فائبر کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے، جو اسے دل کی صحت کو فروغ دینے والی بہترین غذائیت ثابت کرتی ہے۔

بلڈ پریشر

لیچی سیال کے توازن کو برقرار رکھتے ہوئے ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ یہ مینگنیز، میگنیشیم، کاپر، آئرن اور فولیٹ فراہم کرتی ہے، جو بلڈ پریشر کو برقرار رکھتے ہیں۔ اس میں پوٹاشیم کی زائد اور سوڈیم کی کم مقدار ہوتی ہے، اس سے بھی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ پوٹاشیم شریانوں اور خون کی نالیوں کی تنگی کو کم کرتا ہے، اس طرح یہ قلبی نظام پر دباؤ کم کرتا ہے۔ پوٹاشیم جسم میں سوڈیم کی سطح کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

جگر کیلئے مفید

لیچی میں ایک قسم کا اینٹی آکسیڈنٹ (پولیفینول) ہوتا ہے، یہ روایتی چینی ادویات میں جگر اور لبلبہ کی حفاظت اور مضبوطی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ سائنسی جریدے کینسر لیٹرز کے مطابق، لیچی فروٹ پیری کارپ (LFP) کے عرق میں کینسر مخالف خصوصیات ہیں اور یہ جگر کے کینسر سے لڑنے میں مدد کر سکتی ہے۔

صحت مند جِلد

جِلد کے لیے مفید لیچی عمر بڑھنے کی علامات اور داغ دھبوں سے لڑنے میں مدد کر سکتی ہے۔ عمر بڑھنے کی بنیادی وجہ بلند آکسیڈیٹیو تناؤ کے باعث آزاد ریڈیکلز کی پیداوار ہے۔ لیچی میں موجود وٹامن سی ان فری ریڈیکلز سے لڑنے والے اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس کی زیادہ مقدار ہوتی ہے جو کے جلد بڑھاپے کو روکنے کے لیے مؤثر ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ لیچی میں وٹامن ای بہت زیادہ ہوتا ہے، جو دھوپ سے ہونے والی جلن (sunburn) کو ٹھیک کرنے میں مدد کرتا اور جِلد کو صحت مند اور چمکدار رکھتا ہے۔

وزن میں کمی

لیچی غذائی فائبر کا ایک بڑا ذریعہ ہے، جو وزن کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ لیچی میں پانی کی مقدار زیادہ اور چکنائی کی مقدار تقریباً نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، جو اسے وزن کم کرنے کے لیے ایک مثالی پھل بناتی ہے۔ اس میں کیلوریز بھی کم ہوتی ہیں۔

سوزش مخالف ایجنٹ

فلیوینول سے بھرپور ہونے کی وجہ سے لیچی کا عرق سوزش اور اس کی وجہ سے ٹشو کو پہنچنے والے نقصان کا علاج کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔ لیچی میں موجود فلیوینولز میں سوزش کی خصوصیات ہوتی ہیں، جو گرمیوں کے مہینوں میں فلو اور انفیکشن سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔

مضبوط ہڈیاں

لیچی ضروری غذائی اجزاء جیسے میگنیشیم، فاسفورس، آئرن، مینگنیز اور کاپر سے بھرپور ہے۔ یہ معدنیات ہڈیوں میں کیلشیم کے جذب کو بڑھانے کے لیے جانے جاتے ہیں، اس طرح ہڈیاں مضبوط اور صحت مند ہوتی ہیں۔

نوٹ: لیچی ضروری غذائی اجزاء سے بھرپور اور صحت کے لیے بے شمار فوائد کا حامل ایک لذیذ پھل ہے لیکن اس میں شکر کی بھی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔ اگر معتدل مقدار میں کھایا جائے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ تاہم، ذیابطیس کے مریضوں کو اپنے معالج کے مشورے سے ہی یہ پھل کھانا چاہیے۔