آن لائن مذاق اڑانا نوعمر بچوں میں خودکشی کا سبب

June 30, 2022

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید نوعمر بچوں میں خودکشی کے خیالات کا باعث ہے، تحقیق

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید، ہراسگی یا مذاق اڑانا نوعمر لڑکے اور لڑکیوں پر انتہائی خوفناک اثرات مرتب کرتا ہے۔

تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ آف لائن کے مقابلے میں آن لائن مذاق اڑانا زیادہ شدید ہوتا ہے۔

فلاڈیلفیا کے لائف اسپین برین انسٹی ٹیوٹ کے چلڈرن اسپتال میں کی گئی تحقیقات کے مطابق، آف لائن کے مقابلے میں سوشل میڈیا پر آن لائن مذاق اُڑائے جانے کے نتائج زیادہ سنگین ہوتے ہیں۔

اس حوالے سے محقق ڈاکٹر رین بارزلے کا کہنا ہے کہ نوعمر لڑکے اور لڑکیاں اپنا بہت زیادہ وقتآن لائن گزارتے ہیں اور اس دوران اُنہیں تنقید یا ہراسگی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نوعمر بچوں کی اس طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رہنمائی کے فقدان کی وجہ سے بچے ڈپریشن کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔

اس حوالے سے 2018 میں کی گئی مختلف تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکا میں 10 سے 24 سال کی عمر کے لڑکے اور لڑکیوں میں مایوسی اور خودکشی کی دوسری بڑی وجہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید ہے۔

اس صورتحال کے پیشِ نظر ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں کہ بچے آن لائن رہنے کی وجہ سے ذہنی تناؤ، اداسی یا مایوسی کا شکار تو نہیں ہیں۔

یہ تحقیقات جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن (جے اے ایم اے) میں شائع ہوئی ہیں۔