امبر ہرڈ کیخلاف جھوٹا بیان حلفی دینے کے الزام میں تحقیقات

July 01, 2022

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ہولی وڈ اداکارہ امبر ہرڈ کی قانونی مشکلات کسی طور کم ہونے میں نہیں آ رہی ہیں۔ اپنے سابق شوہر جونی ڈیپ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ ہارنے اور لاکھوں ڈالر جرمانہ کروانے کے بعد اب ان کے خلاف آسٹریلیا میں جھوٹا بیان حلفی دینے کے الزام میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امبرہرڈ نے یہ بیان حلفی 2015ءمیں ایک کتے کی اسمگلنگ کے کیس میں دیا تھا۔رپورٹ کے مطابق امبرہرڈ اپنے سابق شوہر جونی ڈیپ کے ساتھ ہی 2015ءمیں آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ گئی تھیں ۔ وہ اپنے ساتھ اپنے کتوں پسٹل اور بو کو بھی لے گئی تھیں۔ چنانچہ ان کے خلاف کتے غیرقانونی طور پر درآمد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔اس مقدمے میں سزا سے بچنے کے لیے 36سالہ امبر ہرڈ نے مبینہ طور پر نہ صرف جھوٹا بیان حلفی عدالت میں داخل کرایا بلکہ اپنی سفری دستاویزات میں بھی خوردبرد کی۔ اب اداکارہ کے خلاف ایک بار پھر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ممکنہ طور پر ان کے خلاف آسٹریلیامیں ایک بار پھر مقدمے کی کارروائی شروع ہو سکتی ہے۔