سوارا بھاسکر کو گمنام خط میں جان سے مارنے کی دھمکی

July 01, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فلم انڈسٹری میں شوبز سیلیبرٹیز کو دھمکیوں کا سلسلہ بڑھتا ہی جا رہا ہے ، سلمان خان کے بعد اب اگلا نشانہ اداکارہ سوارا بھاسکر بنی ہیں،سوارا کو ایک گمنام خط موصول ہوا ہے جس میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سوارا بھاسکر کو یہ خط بھارت کے انجہانی سیاستدان ویر سوارکرپر تنقید کیخلاف بھیجا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق خط ورسوا میں واقع اداکارہ کی رہائش گاہ پر بھیجا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا اور نامعلوم افراد کے خلاف شکایت درج کرائی۔سوارابھاسکر کی جانب سے شکایت درج کروانے کے بعد ممبئی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اداکارہ سوارا نے اپنے انسٹاگرام پر دھمکی آمیز خط کی تصویر شیئر کی ہے ۔جس میں خط کو ہندی زبان میں لکھا گیا ہے اس میں اداکارہ کو جان سے مارنے کی براہ راست دھمکی کے علاوہ نازیبا الفاظ بھی استعمال کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملک کے نوجوان ویرسوارکر کی توہین برداشت نہیں کرینگے۔واضح رہے کہ بھارتی سیاستدان اورمصنف ویرسوارکر نے 1922 میں قید کے دوران ہندو قوم پرست سیاسی نظریہ ہندوتوا کی بنیاد رکھی تھی۔اس سے قبل اداکارسلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو بھی دھمکی آمیز خط بھیجا گیا تھا۔