کمیونٹیز میں ملاپ کیلئے GLADCA کا اہم کردار ہے، مقررین

July 01, 2022

پیٹربرا (خالدمحمودجونوی) سائوتھ ایشین ملکوں سے آنے والوں کی رہنمائی ، انگریزی زبان پر عبور اور امیگریشن معلومات سمیت دیگر شعبوں میں انھیں دوسروں کے ہم پلہ کر کے متوازن معاشرے کا حصہ بنانا گلیڈکا( GLADCA ) کا طرۂ امتیازہے۔ پیٹر برا میں آباد مختلف کمیونٹیز کی ایک دوسرے کے ساتھ اینٹی گریشن کیلئے سماجی تنظیم گلیڈکا نے اہم کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے کمیونٹی خدمات کے 50 برس مکمل ہونے پر گلیڈکا کے زیر اہتمام منائے جانے والے جشن میں کیا۔اس موقع پر ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی بھی منائی گئی۔ ڈائریکٹر محمد ایوب چوہدری، چیئرپرسن یاسمین الہٰی، سی ای او میئر اینڈ میئرس کونسلر شبینہ قیوم، وائس لارڈ لیفٹیننٹ آف کیمبرج ڈاکٹر نواز خان، پاول بریسٹوایم پی، کونسلرز، کمیونٹی رہنماؤں سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی ۔اس موقع پر کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ مقررین کا مذید کہنا تھا کہ ہم آئندہ ایک نئے جذبے سے مزید 50برس خدمت کا عزم کرتے ہیں۔ گلیڈکا نے یہاں پر آباد مختلف کمیونیٹز کو آپس میں جوڑے رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کیا یہی وجہ ہے کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے شریک ہو کر گلیڈکا کی حوصلہ افزائی کی۔ پاول بریسٹو ایم پی کا کہنا تھا کہ گلیڈکا اب برطانیہ میں ہماری پہچان بن چکا ہے۔ ہمیں گلیڈکا کی قومی و ملی اور کمیونٹی خدمات پر فخر ہے، میرے آفس کا گلیڈکا کی انتظامیہ کے ساتھ ایک بہترین ورکنگ ریلیشن ہے،پیٹر برا میں کبھی بھی کوئی رنگ و نسل یا لسانی تقسیم نہیں ہوئی، گلیڈکا،کا مختلف تنظیموں کا ایک بہترین معاشرہ قائم کرنے میں اہم کردار رہا ہے۔ میئرس کونسلر شبینہ قیوم نے گلیڈکا کی انتظامیہ کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر داد تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کثیر الثقافتی شہر کی یہی خوبصورتی ہے، ایک جانب سماجی تنظیم کی پانچ دھائیوں کی کامیابی کا جشن اور دوسری طرف ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کی خوبصورت تقریبات، یہ شہر تمام طرح کے تہواروں کو منانے کے لیے باہم متحد ہو جاتا ہے۔