بلغاریہ کو سفارتی تعلقات توڑنے کی روسی دھمکی بلاجواز ہے، یورپی یونین

July 01, 2022

یورپی یونین نے روس کی جانب سے بلغاریہ کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی دھمکی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

روس نے بلغاریہ کو یہ دھمکی اس کی جانب سے 70 روسی سفارت کاروں کو اپنا ملک چھوڑنے کے حکم کے جواب میں دی ہے۔

اس حوالے سے یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین روس کی جانب سے بلغاریہ کو سفارتی تعلقات کے خاتمے کی دھمکی پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

یورپی یونین کے مطابق بلغاریہ نے ان سفارت کاروں کو ویانا کنونشن کی خلاف ورزی پر اپنا ملک چھوڑنےکا کہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین ان حالات میں بلغاریہ کے ساتھ مکمل حمایت اور یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ روس کا یہ جوابی اقدام اسے بین الاقوامی سطح پر مزید تنہا کرنے کا کام کرے گا۔